پٹنہ، 25 دسمبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) چارا گھپلہ سے منسلک ایک معاملہ میں راشٹریہ جنتادل (آرجے ڈی)صدر لالو پرساد یادو کے قصوروار ٹھہرائے جانے کے بعد راجیہ سبھاکے سابق رکن شردیادونے آج کہا کہ بہارکے سابق وزیراعلیٰ کے لیے ابھی انصاف کے دروازے کھلے ہیں۔مسٹر یادونے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’’میں یہ امید کرتاہوں کہ لالوجی اس معاملہ میں بری ہوجائیں گے۔میں اس معاملہ میں کچھ زیادہ نہیں کہناچاہتالیکن اتناضرورکہونگاکہ لالو جی کے لیے ابھی انصاف کے دروازے کھلے ہیں اور مجھے پورایقین ہے کہ اعلیٰ عدالت میں انھیں ضرور انصاف ملے گا ‘‘۔واضح رہے کہ غیر منقسم بہار کے چارا گھپلہ سے جڑے ایک معاملہ میں سی بی آئی کی خصوصی عدالت نے سنیچر کو مسٹریادو سمیت 16ملزمان کو قصور وارقراردیاتھا،وہیں سابق وزیراعلیٰ ڈاکٹرجگن ناتھ مشراسمیت چھ ملزمان کو ناکافی ثبوت کی بناپر بری کردیا۔جس پرکئی اہم سوالات کھڑے کیے جارہے ہیں۔